50 سالہ مارک بیلنگھم نے ایک میچ میں 7 گول کرکے تاریخ رقم کردی

50 سالہ مارک بیلنگھم نے ایک میچ میں 7 گول کرکے تاریخ رقم کردی

Nov 4, 2026|ویب ڈیسک

لندن ( سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کے معروف فٹبالر جوڈ بیلنگھم کے والد مارک بیلنگھم نے 50 سال کی عمر میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک ہی میچ میں 7 گول اسکور کرکے سب کو حیران کردیا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مارک بیلنگھم نے انگلینڈ کی 50 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کی جانب سے جمہوریہ آئرلینڈ کے خلاف ڈیبیو میچ کھیلا، جس میں انگلش ٹیم نے حریف کو 1-13 سے شکست دی۔مارک نے پہلے ہاف میں 6 جبکہ دوسرے ہاف میں ایک گول کیا، اس کے علاوہ ایک گول بنانے میں معاونت بھی فراہم کی۔مارک بیلنگھم اپنے فٹبال کیریئر کے دوران 17 سال تک نان لیگ مقابلوں میں کھیلتے رہے اور اس دوران 22 مختلف کلبز کی نمائندگی کی۔ وہ 700 سے زائد گول کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔انہوں نے 2019ء میں پیشہ ورانہ فٹبال سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، تاہم ویٹرنز ٹورنامنٹس میں کھیلنا جاری رکھا۔ اب 50 برس کی عمر میں قومی اوور 50 ٹیم میں پہلی مرتبہ منتخب ہوکر انہوں نے میدان میں واپسی کی ہے۔ان کی یہ غیر معمولی کارکردگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ان کے دونوں بیٹے جوڈ بیلنگھم اور جوب بیلنگھم بھی فٹبال کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔