سونی رازدان نے دیوالی پر پٹاخے جلانے کو صحت اور ملک دشمنی قرار دے دیا
ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ سونی رازدان نے دیوالی کے موقع پر پٹاخے جلانے پر تنقید کرتے ہوئے اسے انسانی صحت اور ملک کے مفاد کے خلاف عمل قرار دیا ہے۔سونی رازدان نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں تہوار کے دوران آتش بازی سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی پر تشویش کا اظہار کیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ کم عمر بچوں کے والدین بخوبی جانتے ہیں کہ آلودہ فضا کس طرح بچوں کی صحت کو متاثر کرتی ہے اور بیماریوں کے باعث انہیں کتنے روز اسکول سے غیر حاضر رہنا پڑتا ہے۔انہوں نے لکھا کہ ایسے حالات میں دیوالی پر ایک بھی پٹاخہ جلانے کو درست قرار نہیں دیا جاسکتا، کیونکہ یہ زندگی، صحت اور ملک کے مفاد کے خلاف ہے۔ ان کے مطابق صحت کا تحفظ ایسا فیصلہ ہے جو ہر شخص اپنے اور اپنے بچوں کے لیے کرتا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل اداکارہ دیا مرزا نے بھی دیوالی پر پٹاخے جلانے کے نقصانات سے متعلق آگاہی ویڈیو جاری کی تھی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اعتراض کے بعد ممبئی کی شہری انتظامیہ نے یہ ویڈیو اپنے سماجی رابطوں کے صفحات سے ہٹا دی تھی، تاہم بعد ازاں بمبئی ہائی کورٹ نے اسے دوبارہ جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔