بلوچستان میں منشیات اور اسمگلنگ کے خلاف آپریشنز تیز کرنے کا فیصلہ

بلوچستان میں منشیات اور اسمگلنگ کے خلاف آپریشنز تیز کرنے کا فیصلہ

Nov 4, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہارڈننگ آف دی اسٹیٹ کانفرنس کا 29واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی سکیورٹی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وفاقی و صوبائی اداروں، متعلقہ محکموں اور سکیورٹی فورسز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے اسمگلنگ، منشیات کے کاروبار اور پوست کی غیرقانونی کاشت کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔اجلاس میں بی ایریاز کو اے ایریاز میں تبدیل کرنے کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اسے صوبے کے تمام ڈویژنز میں تیزی سے آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔شرکاء نے کوئٹہ سمیت صوبے کے اہم شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کی تکمیل کے لیے مطلوبہ فنڈز اور وسائل فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔اجلاس میں بلوچستان میں دیرپا امن، قانون کی حکمرانی اور ریاستی عملداری یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔