بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کیلئے 2 ماڈل پیش کرنے کی تجویز
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے 2 مختلف کاروباری ماڈل متعارف کرانے کی تجویز تیار کرلی ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت کامیاب خریدار کمپنی کے کھمبوں، تاروں اور تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کا مالک ہوگا، تاہم بجلی کی فروخت، بلنگ اور وصولیوں سمیت دیگر تجارتی سرگرمیاں نیلامی کے ذریعے نجی شعبے کے دوسرے سرمایہ کاروں کے حوالے کی جاسکیں گی۔اس منصوبے پر عمل درآمد پاور سیکٹر اصلاحات کی اسٹیئرنگ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط ہوگا۔ مجوزہ نظام کے تحت حکومت بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے خریدار کو ضابطوں کا پابند بنائے گی اور اسے آخری سہارا فراہم کرنے والا بجلی سپلائر قرار دیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو نجکاری کے لیے پیش کرنے کی تجویز ہے۔منصوبے کے مطابق نجی شعبے کے دیگر سرمایہ کار، جنہیں مسابقتی سپلائرز کہا جائے گا، نسبتاً آزادانہ طور پر بجلی کی فراہمی اور فروخت کا کاروبار کرسکیں گے۔ تاہم انہیں بجلی کی خریداری کے اخراجات کے ساتھ ماضی کے حکومتی معاہدوں کے تحت پیدا ہونے والی پیداواری استعداد کی ادائیگیاں بھی متعلقہ صارفین کے تناسب سے برداشت کرنا ہوں گی۔حکومتی تخمینے کے مطابق بجلی کے شعبے میں سالانہ تقریباً 1.7 کھرب روپے کی استعدادِ کار کی ادائیگیوں کا بوجھ صارفین پر پڑ رہا ہے۔ حکومت اس مالی ذمہ داری کو نجی سپلائرز تک منتقل کرنا چاہتی ہے، جس کے لیے بجلی کی مختص پیداواری صلاحیت کے ساتھ متعلقہ صارفین کا مالی بوجھ بھی منتقل کیا جائے گا۔تاہم نئے نظام سے بجلی کے نرخوں میں فوری کمی متوقع نہیں، کیونکہ صارفین کو بدستور غیر استعمال شدہ پیداواری استعداد کی مد میں تقریباً 17 روپے فی یونٹ ادا کرنا ہوں گے۔ البتہ درمیانی اور طویل مدت میں مسابقتی سپلائرز کو سرکاری طور پر منظور شدہ نرخوں سے کم قیمت پر بجلی فروخت کرنے کی اجازت مل سکے گی، جس سے بتدریج صارفین کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔نجکاری کمیشن کے ایک عہدیدار کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد بجلی کی تقسیم کے نظام کو حکومتی ضابطوں کے تحت برقرار رکھتے ہوئے بجلی کی خرید و فروخت کے شعبے میں نجی سرمایہ کاروں کے درمیان مسابقت پیدا کرنا ہے۔ اس طرح سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے واحد خریدار ہونے کا موجودہ کردار ختم کرکے مارکیٹ میں متعدد نجی سپلائرز کو شامل کیا جاسکے گا۔مجوزہ طریقہ کار کے تحت فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کے بعد سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی، فیسکو کے لیے مختص بجلی کی پیداواری استعداد اور اس کے صارفین کا مجموعہ نجی سپلائرز کو نیلام کرے گی۔ کامیاب بولی دہندگان بجلی کی خریداری اور متعلقہ صارفین کو فراہمی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔