ایران جنگ بندی کیلئے جے ڈی وینس ایرانی قیادت سے ملاقات پر تیار

ایران جنگ بندی کیلئے جے ڈی وینس ایرانی قیادت سے ملاقات پر تیار

Nov 12, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے ساتھ جاری جنگ ختم کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایرانی قیادت سے براہِ راست ملاقات کے امکان پر غور شروع کردیا ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق وینس ایران کی قدامت پسند قیادت کے ساتھ مذاکرات کرنے پر آمادہ ہیں۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مجوزہ ملاقات کا بنیادی مقصد جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی حل تلاش کرنا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کسی ممکنہ تاریخ، مقام یا ملاقات میں شریک ہونے والے ایرانی رہنما کا نام سامنے نہیں آیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ایران کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس معاملے پر نائب صدر جے ڈی وینس کو ضروری اختیارات سونپ دیے ہیں۔امریکی میڈیا کی ان اطلاعات کے بعد جنگ کے خاتمے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان براہِ راست سفارتی رابطوں کے امکانات پر توجہ بڑھ گئی ہے، تاہم وینس اور ایرانی قیادت کی ملاقات کے بارے میں تاحال کسی حتمی فیصلے یا باضابطہ اعلان کی تصدیق نہیں ہوئی۔