سندھ اور بلوچستان میں معدنیات، عالمی سرمایہ کاروں کو دعوت

سندھ اور بلوچستان میں معدنیات، عالمی سرمایہ کاروں کو دعوت

Nov 12, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( اباسین خبر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے معدنیات کے شعبے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دونوں صوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کان کنی اور توانائی کے شعبوں میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔منرلز فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں توانائی اور صنعتی ترقی کے ذریعے معیشت کو مضبوط بنایا جا رہا ہے، جبکہ نجی شعبے کی شمولیت اور حوصلہ افزائی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے عالمی سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے بتایا کہ تھر میں کوئلے کے ذخائر دنیا کے چھٹے بڑے ذخائر میں شمار ہوتے ہیں، جہاں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں مختلف اقسام کی معدنیات پائی جاتی ہیں اور کان کنی کے لیے مؤثر نظام اور ضابطہ کار مرتب کیا جا رہا ہے۔ حکومت اس شعبے میں نجی سرمایہ کاروں کو آگے لانے کے ساتھ عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی یقینی بنانا چاہتی ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبے میں کان کنی کے شعبے میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ حکومت سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ انہیں تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل کے علاوہ تیل اور گیس کی تلاش کے حوالے سے بھی وسیع امکانات رکھتا ہے، لہٰذا ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے آگے آئیں۔