روس یوکرین امن معاہدے کے قریب، مذاکرات کار کا اہم دعویٰ

روس یوکرین امن معاہدے کے قریب، مذاکرات کار کا اہم دعویٰ

Nov 12, 2026|ویب ڈیسک

ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے یوکرین سے متعلق چیف مذاکرات کار ولادیمیر میڈنسکی نے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے امن معاہدہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ قریب دکھائی دے رہا ہے، تاہم اس کا انحصار یوکرین، امریکا اور یورپی ممالک کے کردار پر ہوگا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میڈنسکی نے بدھ کو ابوظبی میں 2 روزہ مذاکرات کے اختتام پر روسی سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن معاہدے کی جانب پیش رفت ہوئی ہے اور بات چیت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ روس یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ یورپی ممالک کو مذاکرات میں شامل کرنے کی ضرورت کیوں ہے، کیونکہ ان کے بقول یورپی ممالک نے اب تک کوئی ٹھوس امن تجویز پیش نہیں کی۔ابوظبی مذاکرات میں روس اور یوکرین کے نمائندوں نے بعض معاملات پر پیش رفت کی اطلاع دی، تاہم امریکی ثالثوں کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کا فقدان برقرار ہے اور علاقائی امور سمیت کئی اہم معاملات پر اختلافات موجود ہیں۔ یوکرین کے چیف مذاکرات کار رستم عمروف نے بھی کہا کہ کچھ پیش رفت کے باوجود بڑے اختلافات حل طلب ہیں اور ابھی مزید مشکل مراحل طے کرنا باقی ہیں۔میڈنسکی نے روس کے مقصد کو ایک نئے اور جدید ’’یلٹا اور پوٹسڈیم‘‘ معاہدے سے تشبیہ دی۔ یہ 1945 کی ان کانفرنسوں کا حوالہ تھا جن میں دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کے مستقبل سے متعلق فیصلے کیے گئے تھے۔امریکی خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر جمعرات کو ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے، جس کے بعد وہ ڈبلن روانہ ہوں گے جہاں یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کو ابوظبی مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔ کشنر کے مطابق امریکی وفد پیوٹن سے ملاقات میں ابوظبی میں زیرِ بحث آنے والی تجاویز پر مزید پیش رفت کی کوشش کرے گا، جبکہ مذاکرات کے دوران بعض نئے امکانات بھی سامنے آئے ہیں۔ان مذاکرات کا ایک اہم نتیجہ روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق ہے۔ جیرڈ کشنر نے اسے دونوں ملکوں کے درمیان اب تک کا سب سے بڑا انسانی بنیادوں پر قیدیوں کا تبادلہ قرار دیا۔ ان کے مطابق تبادلے میں شامل قیدیوں کی حتمی تعداد اگلے روز طے کی جائے گی، تاہم فوری طور پر کوئی اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔ علاقائی تنازعات، باہمی بداعتمادی اور یورپی ممالک کے کردار پر اختلافات بدستور موجود ہیں، اس لیے امن معاہدے کا حتمی انحصار آئندہ مذاکرات اور فیصلوں پر ہوگا۔