سندھ اور بلوچستان میں معدنیات کے شعبے میں عالمی سرمایہ کاری کی دعوت

سندھ اور بلوچستان میں معدنیات کے شعبے میں عالمی سرمایہ کاری کی دعوت

Nov 13, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد ( اباسین خبر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے معدنیات کے شعبے میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں صوبوں میں کان کنی اور توانائی کے شعبوں میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔منرلز فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں توانائی اور صنعتی ترقی کے ذریعے معیشت کو مضبوط بنایا جا رہا ہے، جبکہ نجی شعبے کی حوصلہ افزائی بھی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے۔ تھر میں کوئلے کا ذخیرہ دنیا کا چھٹا بڑا ذخیرہ ہے، جہاں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں مختلف اقسام کی معدنیات پائی جاتی ہیں اور کان کنی کے لیے مؤثر نظام اور ضابطہ کار تشکیل دیا جا رہا ہے۔ حکومت اس شعبے میں نجی سرمایہ کاروں کی شمولیت بڑھا رہی ہے، جبکہ عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کان کنی کے شعبے میں مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ حکومت سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ہر ممکن سہولیات بھی مہیا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات کے علاوہ تیل اور گیس کی تلاش کے وسیع امکانات موجود ہیں، لہٰذا ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے آگے آئیں۔