مقبوضہ کشمیر سمیت بھارت میں مسلمانوں کے مذہبی تشخص پر حملے جاری
سرینگر (مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر سمیت بھارت کی مختلف ریاستوں میں مسلمانوں کے مذہبی تشخص اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آرہے ہیں، جبکہ انتہاپسند ہندوؤں نے سری نگر میں تختِ سلیمان کی درگاہ کے قریب نصب کلمہ طیبہ والا بورڈ اکھاڑ کر اسلامی شعائر کی بے حرمتی کی ہے۔عالمی جریدے دی ڈپلومیٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ہندوتوا نظریے کی حامل حکومت کے سیاسی اقدامات مسلمانوں کی مذہبی زندگی کو براہ راست متاثر کررہے ہیں۔ مودی حکومت کے زیر اثر وقف بورڈ کی جانب سے مساجد میں خطبات جمعہ کے لیے یکساں موضوعات مقرر کرنے کو بھی مذہبی آزادی میں مداخلت قرار دیا گیا ہے۔امریکی خبررساں ادارے مسلم نیٹ ورک ٹی وی میں شائع ہونے والی شائع مطمان کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے دور میں بڑے پیمانے پر بے دخلی کی کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران 550 مسلمانوں کے مکانات مسمار اور تقریباً 4 ہزار افراد کو بے گھر کردیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ممبئی کے علاقے مالاد میں ہندوتوا تنظیم کی نفرت انگیز مہم کے نتیجے میں ایک شاپنگ مال میں مسلمانوں کے لیے نماز کی مختص جگہ بھی ختم کردی گئی۔دوسری جانب سری نگر میں تختِ سلیمان کی درگاہ کے قریب نصب کلمہ طیبہ کا بورڈ اکھاڑنے کا واقعہ بھی پیش آیا، جسے اسلامی مذہبی علامات کی بے حرمتی قرار دیا گیا ہے۔