ایران کے جنوبی شہر سیریک پر فضائی حملہ، سرکاری میڈیا کا دعویٰ
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے سرکاری خبررساں ادارے ارنا نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے شہر سیریک کو دشمن کی جانب سے فوجی حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ارنا نے جمعرات 12 نومبر کی شب سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شہر سیریک میں حملہ کیا گیا، تاہم حملہ آور فریق، نشانہ بننے والے مقام اور ممکنہ نقصانات کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ایران انٹرنیشنل کے مطابق حملے کی اطلاعات سامنے آنے سے قبل علاقے کے رہائشیوں نے متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی تھیں، تاہم فوری طور پر ان دھماکوں کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔سیریک ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان میں واقع ہے اور آبنائے ہرمز کے قریب ہونے کے باعث اسے تزویراتی اہمیت حاصل ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے۔تاحال حملے کی نوعیت، ممکنہ جانی و مالی نقصان اور اس کے ذمہ دار فریق سے متعلق آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔