بارڈر تجارت کے فروغ سے بلوچستان میں خوشحالی آئے گی، بندوق کلچر ختم کرنا چاہتے ہیں
تربت ( اباسین خبر) کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان سے انہیں گہری وابستگی ہے اور صوبے میں پائیدار امن کا قیام ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سرحدی راستے کھولنے اور تجارت کو فروغ دینے سے مقامی افراد کو روزگار کے نئے مواقع ملیں گے اور ان کی معاشی حالت بہتر ہوگی۔تربت میں منعقدہ عوامی کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ سرحدیں تجارت کے لیے کھولی جائیں تاکہ مقامی لوگوں کو کاروبار اور روزگار کے مواقع میسر آئیں اور وہ خوشحال زندگی گزار سکیں۔ ہم بندوق کے کلچر کا خاتمہ کرکے بلوچستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے، جبکہ سکیورٹی مسائل سے متاثرہ علاقوں میں بھی ترقیاتی کام جاری رہیں گے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور فوج بھی ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ ہے۔ صوبے میں امن اور استحکام کے لیے عوام اور سکیورٹی فورسز کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور یکجہتی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سرحدی تجارت کے راستے کھولنے اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے سے مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا اور علاقے کی معیشت بہتر ہوگی۔ بلوچستان کے روشن مستقبل کے لیے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ عوام کو معاشی طور پر مستحکم بنانا بھی ضروری ہے۔عوامی کھلی کچہری میں ضلع کیچ، تمپ اور پنجگور کے قبائلی عمائدین، معززین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی جنوبی بلوچستان میجر جنرل ظفر اقبال، آئی جی پولیس بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔