سعودی عرب کا بلوچستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا عندیہ
کوئٹہ( اباسین خبر) سعودی عرب نے بلوچستان میں مختلف ترقیاتی اور کاروباری منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے صوبے کے ہنرمند نوجوانوں کو مملکت میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی سربراہی میں آنے والے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر 10 رکنی سعودی کاروباری وفد کو بلوچستان میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع، قدرتی وسائل اور تیار شدہ منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے صوبے کے مختلف تیار سرمایہ کاری منصوبوں میں عملی طور پر حصہ لینے اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سعودی وفد کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون کو عملی منصوبوں میں ڈھالنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کاری سے بلوچستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ صوبائی حکومت بیرونی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول قائم کرنے اور سرمایہ کاروں کو ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی اور تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ بلوچستان قدرتی وسائل، معدنیات، زراعت اور لائیو اسٹاک سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کی دلچسپی صوبے کی معیشت، روزگار اور ترقی کے نئے امکانات کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگی۔