خیبر پختون خوا میں کان کنی کے فروغ کیلئے سرمایہ کاری چاہتے ہیں، فیصل کنڈی
اسلام آباد( اباسین خبر) گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کان کنی کے شعبے کو ترقی دینا چاہتی ہے اور معدنی وسائل کی تلاش کے لیے سرمایہ کاروں کو آگے آنا چاہیے۔اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آنے والے تمام ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، جبکہ انہیں سہولت دینے کے لیے ون ونڈو آپریشن کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔فیصل کریم کنڈی نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ خیبر پختون خوا میں معدنیات کی تلاش اور کان کنی کے منصوبوں میں سرمایہ لگائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا قدرتی گیس کی پیداوار کے لحاظ سے ملک کا دوسرا بڑا صوبہ ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔