حکومت اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے، وزیر خزانہ
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ سکوک کے اجرا کا حجم 10 کھرب روپے کی حد سے تجاوز کرگیا ہے، جو اسلامی مالیاتی نظام کے لیے ایک بڑی کامیابی اور ملکی معیشت میں مثبت پیش رفت ہے۔اسلام آباد میں 10 کھرب روپے کے ملکی خودمختار سکوک کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی بینکاری اور سکوک کی منڈی مستحکم ہورہی ہے، جبکہ ملک میں اسلامی مالیات کا دائرہ مسلسل وسعت اختیار کررہا ہے۔ حکومت اس نظام کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سکوک کے اجرا سے قرضوں کی مدت بڑھانے اور مالی اخراجات کم کرنے میں مدد ملی ہے۔ اس شعبے کے لیے مؤثر تجارتی نظام تشکیل دینے کی غرض سے متعلقہ اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ سکوک کے اجرا کے حوالے سے اچھی ابتدا ہوئی ہے، جس مثبت رجحان کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت شرعی اصولوں کے مطابق سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے اور پاکستان میں اسلامی بینکاری مسلسل ترقی کررہی ہے۔ مالیاتی شعبے کے نگران اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے، جبکہ بہتر نگرانی اور ضابطہ کاری کے لیے اسٹیٹ بینک اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو مزید فعال بنایا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشی ترقی کے حصول کے لیے جدید طریقہ کار اختیار کیے جارہے ہیں اور اسلامی بینکاری کو شرعی اصولوں کے مطابق جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔ ملک میں سرمایہ کاروں کا اسلامی بینکاری کی مصنوعات پر اعتماد بڑھ رہا ہے اور یہ نظام جدید بینکاری کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہورہا ہے۔وزیر خزانہ نے اسلامی بینکاری کے فروغ میں مولانا تقی عثمانی کے کردار کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا تقی عثمانی نے اسلامی بینکاری کو جدید ڈیجیٹل نظام سے مربوط کرنے میں معاونت فراہم کی، جبکہ حکومت اسلامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہر سطح پر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔