پاکستان معدنی وسائل سے مالامال، عالمی سرمایہ کاروں کو سہولتیں دیں گے، اسحاق ڈار

پاکستان معدنی وسائل سے مالامال، عالمی سرمایہ کاروں کو سہولتیں دیں گے، اسحاق ڈار

Nov 12, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی معدنی ذخائر سے مالا مال ہے اور حکومت عالمی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ معدنیات کے شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد قابل تحسین ہے، جبکہ منرلز انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد سے اس شعبے کو مزید ترقی دینے میں مدد ملے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں 2 روزہ منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے پہلے روز ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔اسحاق ڈار نے فورم میں شریک مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولتیں مہیا کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی ترقی کے ایک اہم مرحلے سے گزر رہا ہے اور معدنی شعبے میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی خوش آئند ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کا کہنا تھا کہ معدنی ذخائر کی تلاش کے لیے لائسنس کے اجرا سمیت مختلف سہولتوں کی فراہمی کے لیے پورٹل قائم ہے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول مہیا کیا جارہا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد معدنی شعبے کی ترقی کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔ پاکستان قدرتی وسائل اور معدنی ذخائر سے بھرپور ملک ہے، جن سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب 5 دریاؤں کی سرزمین ہے اور یہاں قدرتی وسائل کے غیر معمولی امکانات موجود ہیں۔مریم نواز کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں قدرتی طور پر بہنے والی ریت میں خالص سونا موجود ہے، جبکہ صوبے میں کوئلے، گرینائٹ، گلابی نمک اور راک سالٹ کے ذخائر بھی پائے جاتے ہیں۔ دریاؤں میں سونے کی موجودگی اور مقدار کا تعین کرنے کے لیے سروے جاری ہیں، جن کے دوران قیمتی دھات کے وافر ذخائر کے شواہد سامنے آئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دریائی ریت اور بجری میں سونے کے علاوہ دیگر قیمتی معدنیات اور دھاتیں بھی موجود ہیں۔ حکومت پنجاب ان قدرتی وسائل کو مشترکہ خوش حالی اور معاشی ترقی کا ذریعہ بنانا چاہتی ہے۔ معدنی ذخائر سے فائدہ اٹھانے کے لیے تجارتی شراکت داریاں تلاش کی جارہی ہیں، جبکہ صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کی غرض سے کم نرخوں پر زمین بھی فراہم کی جارہی ہے۔