ایران کیخلاف جنگ میں امریکا ہی کامیاب ہوگا: ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ ہو یا نہ ہو، جنگ میں کامیابی امریکا کی ہوگی۔ایران سے معاہدے یا خطے میں مزید امریکی فوج بھیجنے سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا یا تو ایک اچھا معاہدہ کرے گا یا پھر کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا آبنائے ہرمز سے رات کے وقت جہاز گزارتا ہے کیونکہ ایران کو اس کا علم نہیں ہوتا، جبکہ ایرانی ریڈار تباہ کیے جاچکے ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں مہنگائی 300 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور ملکی معیشت ایسی صورتحال سے دوچار ہے جس کا ایران نے پہلے کبھی سامنا نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے ذریعے ہو یا اس کے بغیر، جنگ میں امریکا کامیاب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن ان کے خیال میں تہران ابھی اس کیلئے تیار نہیں۔ ٹرمپ کے مطابق امریکا نے ایران کی جوہری اور میزائل بنانے کی صلاحیت ختم کردی ہے، اگر امریکا نے ایران پر حملہ نہ کیا ہوتا تو وہ جوہری بم بنانے میں کامیاب ہوجاتا اور اسے باآسانی استعمال کرسکتا تھا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران اس وقت انتہائی کمزور پوزیشن میں ہے اور آبنائے ہرمز پر امریکا کا کنٹرول ہے۔واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی تھی کہ ایران میں جاری جنگ اختتام کی جانب بڑھ رہی ہے۔