ترسیلی نظام کی ناکامی، سستی بجلی کی عدم فراہمی سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ
کراچی ( کامرس ڈیسک)نیشنل گرڈ کمپنی کے ترسیلی نظام میں خامیوں اور رکاوٹوں کے باعث ملک بھر کے بجلی صارفین مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہیں، جس سے عوام کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق نیشنل گرڈ کمپنی سندھ اور جنوبی پاکستان میں پیدا ہونے والی نسبتاً سستی بجلی ملک کے بڑے مراکز تک پہنچانے میں ناکام ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مہنگے ذرائع سے توانائی حاصل کی جا رہی ہے۔ترسیلی نظام کی مشکلات کے باعث بجلی کی پیداوار کے لیے مہنگی مائع قدرتی گیس اور درآمدی کوئلے پر انحصار بڑھ رہا ہے، جبکہ تھر کے کوئلے، جوہری توانائی اور ہوا سے پیدا ہونے والی نسبتاً سستی بجلی سے مکمل استفادہ نہیں کیا جا رہا۔توانائی کے سستے ذرائع دستیاب ہونے کے باوجود ان کا بھرپور استعمال نہ ہونا بجلی کے شعبے میں مشکلات بڑھا رہا ہے اور ملک میں مہنگی بجلی کا بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔