معروف مزاحیہ اداکار سکندر صنم کی برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے
لاہور (شوبز ڈیسک) اسٹیج اور ٹیلی ویژن کے نامور مزاحیہ اداکار سکندر صنم کی برسی آج منائی جا رہی ہے، انہوں نے اپنی برجستہ گفتگو، حاضر جوابی اور منفرد مزاحیہ انداز سے شائقین کے دلوں میں نمایاں مقام بنایا۔سکندر صنم 1960ء میں کراچی کے علاقے کھارادر میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام محمد سکندر تھا۔ انہوں نے 1981ء میں اسٹیج کی دنیا میں قدم رکھا اور سکندر صنم کے نام سے اپنی فنی شناخت قائم کی۔وہ اپنی بے مثال حاضر جوابی اور مزاحیہ صلاحیتوں کے باعث جلد ہی شہرت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے پاکستان کے نامور مزاحیہ فنکاروں معین اختر، عمر شریف اور دیگر کے ساتھ مختلف اسٹیج شوز میں کام کیا، جبکہ بھارت میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرکے خوب داد سمیٹی۔لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے سکندر صنم سرطان کے مرض میں مبتلا تھے۔ وہ 5 نومبر 2012ء کو کراچی میں انتقال کرگئے۔ ان کے مداح آج بھی ان کی مزاحیہ اداکاری اور یادگار فن کو فراموش نہیں کرسکے۔