بجلی مہنگی ہونے کا خدشہ، صارفین سے 23 ارب روپے وصولی کی درخواست
کراچی ( کامرس ڈیسک)بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے 23 ارب 33 کروڑ روپے اضافی وصول کرنے کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست جمع کرا دی ہے۔یہ درخواست 2026ء کی تیسری سہ ماہی، یعنی جولائی سے ستمبر کے دوران ہونے والی ایڈجسٹمنٹ کے سلسلے میں دائر کی گئی ہے۔ بجلی کے فی یونٹ نرخوں میں کتنا اضافہ ہوگا، اس کا حتمی فیصلہ نیپرا کرے گا۔درخواست میں گنجائش کے اخراجات کی مد میں 38 ارب 92 کروڑ روپے وصول کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جبکہ آپریشنز اور دیکھ بھال کے اخراجات کی مد میں 5 ارب 59 کروڑ 70 لاکھ روپے اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب بجلی کے اضافی استعمال پر دی جانے والی مراعات کے اثرات کی مد میں 29 ارب 25 کروڑ روپے کی کمی کی درخواست بھی کی گئی ہے۔درخواست کے مطابق جولائی سے ستمبر 2026ء کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔نیپرا اس درخواست پر 17 نومبر کو سماعت کرے گا، جس کے بعد بجلی کے نرخوں میں اضافے یا کمی سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔