پٹرولیم مصنوعات سستی، مال بردار ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی کم ہوگئے
کراچی ( کامرس ڈیسک) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے۔آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ 4 سے 5 روز کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے اس فیصلے پر وزیراعظم اور وفاقی وزیر پٹرولیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے۔واضح رہے کہ پٹرول کی قیمت میں 9 روپے 41 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 352 روپے 59 پیسے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 56 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 382 روپے 25 پیسے ہوگئی ہے۔