پاکستان کے ذمے بیرونی قرض 135 ارب ڈالر سے بڑھ گیا، عالمی بینک کی رپورٹ
اسلام آباد ( کامرس ڈیسک) عالمی بینک نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے مجموعی بیرونی قرضوں کا حجم گزشتہ 10 برس کے دوران تقریباً دوگنا ہو کر 135 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق 2015ء میں پاکستان کا بیرونی قرض تقریباً 69 ارب ڈالر تھا، جو 2025ء میں بڑھ کر 135 ارب ڈالر سے زیادہ ہوگیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان پر سرکاری اور حکومتی ضمانتوں کے تحت 107 ارب ڈالر سے زائد قرض واجب الادا ہے، جبکہ نجی شعبے کا غیر ضمانتی بیرونی قرض 17.58 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔اسی طرح پاکستان کے قلیل مدتی بیرونی قرضوں کا حجم بھی بڑھ کر 10.45 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔عالمی بینک کے مطابق 2025ء کے دوران چین نے پاکستان کو 2 ارب ڈالر کے قرض کی ادائیگی میں توسیع دی، جبکہ عالمی مالیاتی فنڈ نے توسیعی فنڈ اور پائیداری سہولت پروگرام کے تحت پاکستان کو 2.3 ارب ڈالر کی نئی رقوم فراہم کیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان کے ذمے 16.83 ارب ڈالر واجب الادا ہیں۔