مستفیض الرحمان پہلی بار بگ بیش لیگ میں ایکشن دکھانے کو تیار
لاہور ( سپورٹس ڈیسک)بنگلا دیش کے نامور فاسٹ بولر مستفیض الرحمان آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کے 16ویں سیزن کے لیے میلبورن رینیگیڈز کا حصہ بن گئے ہیں، یہ ان کے کیریئر کا پہلا موقع ہوگا جب وہ اس لیگ میں کھیلیں گے۔رپورٹس کے مطابق مستفیض الرحمان اب تک ٹی 20 کی مختلف فرنچائز لیگز میں 331 میچز کھیل کر 423 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ میلبورن رینیگیڈز نے انہیں انجری کے باعث آئندہ سیزن سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر جیسن بہرینڈورف کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے۔بنگلا دیشی فاسٹ بولر انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 میں پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے باعث رینیگیڈز کے ابتدائی میچ میں پرتھ اسکارچرز کے خلاف دستیاب نہیں ہوں گے۔ مستفیض الرحمان کا کہنا ہے کہ وہ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کو اپنا ہوم گراؤنڈ بنانے اور نئے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں۔میلبورن رینیگیڈز کے ہیڈ کوچ لیوک رونکی نے مستفیض الرحمان کو ٹی 20 کرکٹ کا کامیاب کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاور پلے اور آخری اوورز میں وکٹیں حاصل کرنے کی ان کی صلاحیت ٹیم کے باؤلنگ شعبے کو مزید مضبوط بنائے گی۔واضح رہے کہ بگ بیش لیگ کا آغاز 12 دسمبر کو میلبورن رینیگیڈز اور پرتھ اسکارچرز کے درمیان مقابلے سے ہوگا، جو پہلی مرتبہ بھارت کے شہر چنئی میں کھیلا جائے گا۔44 میچز پر مشتمل اس ٹورنامنٹ کا فائنل 26 جنوری کو شیڈول ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر اضافی دن بھی مختص کیا گیا ہے۔