ویرات کوہلی کی گلین فلپس سے دلچسپ شرارت، جان سینا کا مشہور انداز اپنا لیا
لاہور ( سپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں اپنی شاندار بیٹنگ کے ساتھ دلچسپ حرکت کے باعث بھی توجہ کا مرکز بن گئے، ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔میچ کے دوران 15ویں اوور میں نیوزی لینڈ کے بلے باز گلین فلپس بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے تو اس وقت پس منظر میں معروف ریسلر جان سینا کی آمد کا مشہور موسیقی کا دھن بج رہا تھا۔اسی موقع پر ویرات کوہلی نے دور سے گلین فلپس کی جانب دیکھتے ہوئے جان سینا کا مشہور اشارہ کیا، جسے ’’یو کینٹ سی می‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔بعد ازاں کوہلی خود فلپس کے قریب پہنچے اور ایک مرتبہ پھر یہی اشارہ دہرایا، تاہم گلین فلپس اپنے ساتھی کھلاڑی سے گفتگو میں مصروف رہے اور ایسا ظاہر کیا جیسے انہیں کوہلی کی شرارت دکھائی ہی نہیں دے رہی۔ویرات کوہلی کی اس دلچسپ حرکت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوگئی، جہاں مداح ان کے مزاحیہ انداز کو خوب پسند کر رہے ہیں۔