نیوزی لینڈ کا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا منصوبہ، شیڈول پر مشاورت جاری
لاہور (سپورٹس ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے حوالے سے دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے، جس میں سیریز کے شیڈول اور مقابلوں کے مقامات پر غور کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز کے درمیان حتمی مشاورت مکمل ہونے کے بعد سیریز کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔نیوزی لینڈ نے عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے فروری اور مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ اس سلسلے میں ماہِ رمضان اور دونوں ٹیموں کی دیگر مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے شیڈول ترتیب دیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان سیریز 16 فروری کو ہیملٹن میں اختتام پذیر ہوگی، جبکہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 18 مارچ سے ہونا ہے اور اس کے لیے ٹیموں کی سرگرمیاں 15 مارچ سے شروع ہو جائیں گی۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مجوزہ سیریز کا کم از کم ایک ٹیسٹ میچ ماہِ رمضان میں کھیلا جائے گا۔