حسن محمود کی چھ وکٹیں، ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن تہس نہس
ڈھاکا (سپورٹس ڈیسک) بنگلادیش نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کی پہلی اننگز 356 رنز پر ختم کر دی۔ حسن محمود نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔حسن محمود کی تباہ کن بولنگ کے باعث ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی، جبکہ مہدی حسن میراز نے بھی اہم وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنانے میں کردار ادا کیا۔حسن محمود نے اس کارکردگی کے ساتھ اپنے ٹیسٹ کیریئر میں پانچویں مرتبہ ایک اننگز میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے پانچ مختلف ممالک میں یہ کارنامہ انجام دیا، جبکہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر پہلی مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے عامر جانگو نے مزاحمت کرتے ہوئے 212 گیندوں پر 133 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، تاہم حسن محمود نے انہیں بولڈ کرکے ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔جسٹن گریوز نے 51 رنز بنائے، جبکہ جومیل ویرکن اور جیڈن سیلز نے آخری وکٹ کے لیے 33 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعہ 356 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔حسن محمود نے شمار جوزف کو بولڈ کرکے اپنی چھٹی وکٹ حاصل کی، جبکہ مہدی حسن میراز نے جیڈن سیلز کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔