ملک میں ایک ماہ کے دوران 5 ہزار سے زائد نئی کمپنیاں قائم، غیر ملکی سرمایہ کار بھی سرگرم
اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق اکتوبر 2026ء کے دوران ملک بھر میں 5 ہزار 3 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جس کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 21 ہزار 794 ہوگئی ہے۔ نئی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ایس ای سی پی کے مطابق اکتوبر میں رجسٹر ہونے والی 99.9 فیصد کمپنیوں کی کارروائی آن لائن مکمل کی گئی۔ نئی کمپنیوں میں 55.4 فیصد نجی محدود ذمہ داری کی کمپنیاں جبکہ 41.6 فیصد واحد رکن پر مشتمل کمپنیاں شامل ہیں۔علاقائی اعتبار سے پنجاب میں سب سے زیادہ 2 ہزار 663 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جبکہ اسلام آباد میں 934، سندھ میں 751، خیبر پختونخوا میں 382، گلگت بلتستان میں 162 اور بلوچستان میں 111 کمپنیوں کا اندراج کیا گیا۔شعبہ وار اعداد و شمار کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ سرفہرست رہا، جہاں 991 نئی کمپنیاں قائم ہوئیں۔ تجارت کے شعبے میں 767، خدمات میں 594 اور تعمیرات کے شعبے میں 295 کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی۔ اسی طرح خوراک و مشروبات کے شعبے میں 219، سیاحت میں 213 اور جائیداد کے کاروبار میں 170 نئی کمپنیاں قائم ہوئیں۔ایس ای سی پی کے مطابق اکتوبر میں رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں 173 غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بطور ڈائریکٹر شمولیت اختیار کی، جبکہ کمپنیوں کے حصص یافتگان اور ڈائریکٹرز میں خواتین کی نمائندگی 13 فیصد رہی۔ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا کہ نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ملک میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔ کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی غرض سے ادارہ کارپوریٹ ضابطوں کی تکمیل کے عمل کو ڈیجیٹل بنا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی کمپنیوں کے قیام سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔