بحری امور کے تین سرکاری ادارے منافع بخش اداروں کی فہرست میں شامل

بحری امور کے تین سرکاری ادارے منافع بخش اداروں کی فہرست میں شامل

Oct 23, 2026|ویب ڈیسک

کراچی کامرس ڈیسک) وزارت خزانہ کے سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ نے مالی سال 2024-25 کی سالانہ مالی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق وزارت بحری امور کے تین ادارے ملک کے 10 منافع بخش سرکاری اداروں میں شامل ہوگئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) منافع بخش سرکاری اداروں کی فہرست میں چھٹے، پورٹ قاسم اتھارٹی ساتویں جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) دسویں نمبر پر ہے۔وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے تینوں اداروں کی مالی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مؤثر مالیاتی انتظام اور بہتر کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی اداروں کی انتظامیہ اور ملازمین کی مشترکہ محنت کا ثبوت ہے۔ مالیاتی نظم و ضبط اور انتظامی امور میں بہتری کے ذریعے اداروں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔جنید انوار چوہدری کے مطابق بحری اداروں کی مالی کارکردگی میں بہتری قومی معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔ ان اداروں کی مضبوط مالی پوزیشن نہ صرف بحری شعبے کی ترقی میں معاون ثابت ہوسکتی ہے بلکہ ملکی معیشت میں ان کے کردار کو بھی مزید مستحکم کرسکتی ہے۔وزارت خزانہ کی سالانہ رپورٹ میں سامنے آنے والی درجہ بندی کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن نے منافع بخش سرکاری اداروں میں جگہ بنا کر بحری شعبے میں اپنی مالی کارکردگی نمایاں کی ہے۔