طاہر اشرفی کا میتھوڈسٹ چرچ کا دورہ، مذہبی رواداری پر زور

طاہر اشرفی کا میتھوڈسٹ چرچ کا دورہ، مذہبی رواداری پر زور

Oct 27, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ( اباسین خبر) چیئرمین پاکستان علما کونسل اور سیکریٹری جنرل انٹرنیشنل حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ بلوچستان امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کی سرزمین ہے، جہاں تمام مذاہب اور مسالک کے افراد کو باہمی احترام اور مذہبی آزادی کے فروغ کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار کوئٹہ میں میتھوڈسٹ چرچ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ملک ہے اور یہاں ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی آزادی حاصل ہے۔انہوں نے میتھوڈسٹ چرچ کو ایک تاریخی عبادت گاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا منظم انتظام اور خوبصورتی ملک میں مذہبی آزادی کی عکاسی کرتے ہیں۔طاہر اشرفی کے مطابق آئین پاکستان تمام مذاہب اور مسالک کے احترام کا درس دیتا ہے، جبکہ قومی پیغام امن کمیٹی ایک پرامن پاکستان کی نمائندگی کرتی ہے۔ کمیٹی میں تمام مذاہب اور مسالک کے نمائندے شامل ہیں اور یہ بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں میتھوڈسٹ چرچ کے نمائندوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام مذاہب اور مسالک سے تعلق رکھنے والوں کو ایک دوسرے کے عقائد اور مذہبی روایات کا احترام کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی کو اپنا مذہب یا مسلک چھوڑنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے اور نہ ہی کسی دوسرے کے مذہب یا مسلک میں مداخلت کرنی چاہیے۔