’3 ایڈیٹس‘ کے سیکوئل کا اسکرپٹ زیرِ تکمیل، عامر خان پُرامید

’3 ایڈیٹس‘ کے سیکوئل کا اسکرپٹ زیرِ تکمیل، عامر خان پُرامید

Oct 27, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( شو بز ڈیسک) بالی ووڈ کی مقبول فلم ’3 ایڈیٹس‘ کے سیکوئل پر کام جاری ہے، اداکار عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ ہدایت کار راج کمار ہیرانی فلم کے اگلے حصے کا اسکرپٹ لکھ رہے ہیں۔سنگاپور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ وہ فی الحال اس منصوبے کے بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں بتا سکتے، تاہم انہیں امید ہے کہ راج کمار ہیرانی واپسی کے بعد آئندہ 2 ہفتوں میں انہیں اسکرپٹ دکھا دیں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ابھی تحریری تیاری کے مرحلے میں ہے۔ سیکوئل کی شوٹنگ، فنکاروں، فلم بندی کے شیڈول اور ریلیز کی تاریخ سے متعلق تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔عامر خان نے اسکرپٹ پر مزید کام کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے اس کے بنیادی خیال پر اعتماد کا اظہار کیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلم کو حتمی شکل دینے سے پہلے کہانی اور اس کے مختلف پہلوؤں پر مزید کام کیا جاسکتا ہے۔2009 میں ریلیز ہونے والی ’3 ایڈیٹس‘ میں طلبہ کی زندگی، تعلیمی دباؤ اور کامیابی کے تصور کو مزاح اور جذبات کے امتزاج سے پیش کیا گیا تھا۔ فلم کی غیر معمولی مقبولیت کے باعث اس کے سیکوئل کے حوالے سے شائقین کی دلچسپی برقرار ہے، تاہم نئی فلم کی کہانی اور کرداروں کی تفصیلات کے لیے مزید انتظار کرنا ہوگا۔