فلموں کے خلاف پیڈ پروپیگنڈا پوری انڈسٹری کو نقصان پہنچاتا ہے، فیصل قریشی
کراچی (شو بز ڈیسک) پاکستانی اداکار فیصل قریشی نے فلموں کے خلاف مبینہ طور پر پیسے دے کر منفی مہم چلانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا نقصان پوری فلم انڈسٹری کو اٹھانا پڑتا ہے۔فیصل قریشی نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ کسی فلم کے خلاف پیڈ پروپیگنڈا انتہائی تکلیف دہ ہے۔ ایسی مہم چلانے والے صرف اپنا فائدہ دیکھتے ہیں، لیکن اس سے متاثر ہونے والے لوگوں کی تعداد پر غور نہیں کرتے۔اداکار نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ ایک فلم جمعے کو ریلیز ہوتی ہے اور اگلی ہی صبح اس کے خلاف منفی تبصرے سامنے آنے لگتے ہیں۔ بعض افراد نے فلم دیکھے بغیر ہی اپنی رائے دے دی، جبکہ مختلف تبصروں میں ایک جیسے الفاظ اور نکات بھی دکھائی دیے۔انہوں نے کہا کہ کسی فلم کا اچھا یا برا ہونا الگ معاملہ ہے، کیونکہ ناظرین کی رائے مختلف ہوسکتی ہے۔ سنجیدہ فلمی ناقدین عموماً فلم دیکھنے اور اس کا جائزہ لینے میں وقت لیتے ہیں، جبکہ مبینہ طور پر پیسے دے کر چلائی جانے والی مہم میں ریلیز کے فوراً بعد منفی تبصرے شروع ہوجاتے ہیں۔فیصل قریشی کے مطابق کسی فلم کو ہٹ یا فلاپ قرار دینے کا اصل حق ناظرین کو حاصل ہے۔ ایسی مہمات سے فلم دیکھنے والوں کا اعتماد بھی متاثر ہوتا ہے، بالخصوص ایسے وقت میں جب سینما کے ٹکٹ مہنگے ہیں اور لوگ فلم دیکھنے کے لیے خاصی رقم خرچ کرتے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری پہلے ہی محدود وسائل اور ناظرین کی کمی جیسے مسائل سے دوچار ہے، اس لیے اس نوعیت کی سرگرمیاں اس کے لیے مزید مشکلات پیدا کرسکتی ہیں۔اداکار نے ویڈیو کے اختتام پر مبینہ منفی مہم میں ملوث افراد کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کے ساتھ آج جو کچھ کیا جا رہا ہے، اس کے نتائج ایک دن خود بھی بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔فیصل قریشی کا یہ بیان ان کی نئی پنجابی فلم ’مینگو جٹ‘ کے خلاف مبینہ طور پر پیسے دے کر منفی مہم چلائے جانے سے متعلق بحث کے دوران سامنے آیا ہے۔