اب تنقید کی عادت ہو گئی ہے، شاداب خان

اب تنقید کی عادت ہو گئی ہے، شاداب خان

Oct 27, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک) پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان نے سوشل میڈیا پر اپنی کارکردگی پر ہونے والی تنقید پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب انہیں تنقید کا نشانہ بننے کی عادت ہو گئی ہے، کیونکہ لوگ کارکردگی سے قطع نظر تنقید کرتے رہتے ہیں۔لاہور میں انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیز میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے اعتراف کیا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی کارکردگی اچھی نہیں رہی، جس کے باعث انہیں اور ٹیم مینجمنٹ کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے مشکل وقت میں ان پر اعتماد برقرار رکھنے پر ٹیم مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک پیشہ ور کھلاڑی کی حیثیت سے وہ ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم ماضی میں اپنی توقعات کے مطابق کھیلنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔شاداب خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس میچ میں انہیں اچھی کارکردگی دکھانے کا موقع دیا اور کامیابی کی راہ ہموار کی۔انہوں نے حارث رؤف کی صبر کے ساتھ بیٹنگ کرنے پر تعریف کی اور ان کے ساتھ ناقابلِ شکست 89 رنز کی شراکت کے حوالے سے بتایا کہ دونوں نے کوئی خاص حکمتِ عملی طے نہیں کی تھی، بلکہ کھیل سے لطف اندوز ہوتے ہوئے میچ کو اختتام تک پہنچانے کی کوشش کی۔شاداب خان اننگز کے دوران اس وقت مایوس ہوئے جب امپائر نے انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا، تاہم ریویو لینے پر فیصلہ واپس لے لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں انہیں اندازہ نہیں ہوا تھا کہ گیند بلے کا کنارہ لے کر گئی ہے۔اپنی اننگز کا موازنہ آسٹریلیا کے گلین میکسویل کی 2023ء کے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف کھیلی گئی غیر معمولی اننگز سے کیے جانے پر شاداب نے کہا کہ ایک اننگز کا دوسری اننگز سے موازنہ نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میکسویل نے ورلڈ کپ میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی تھی اور اگر پاکستانی کھلاڑی بھی مستقبل میں بڑے مقابلوں میں ایسی اننگز کھیلیں تو اس سے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔