بہتر حکومتی کارکردگی کیلئے ڈیجیٹل نظام ناگزیر ہے، سرفراز بگٹی

بہتر حکومتی کارکردگی کیلئے ڈیجیٹل نظام ناگزیر ہے، سرفراز بگٹی

Oct 27, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ ( اباسین خبر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومتی کارکردگی میں بہتری، شفافیت اور بروقت فیصلوں کے لیے روایتی طریقہ کار کی جگہ جدید ڈیجیٹل نظام اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت سرکاری خدمات کی فراہمی بہتر بنانے اور ڈیجیٹل اصلاحات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی محکموں میں ڈیجیٹل نظام کے نفاذ اور انتظامی امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان کے 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ نظام کے تحت ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد ای فائلز نمٹائی جا چکی ہیں، جبکہ سرکاری امور میں تیزی، شفافیت اور مؤثر فیصلہ سازی کے لیے سمریز کو ڈیجیٹل بنانے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ابتدائی مرحلے میں 10 سرکاری محکموں کی سمریز ڈیجیٹل نظام پر منتقل کی جا رہی ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ سرکاری امور کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کیا جائے اور تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری معاملات میں غیر ضروری تاخیر ختم کرکے بروقت فیصلوں کو یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ انتظامی امور کو زیادہ مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل گورننس صرف ٹیکنالوجی کے استعمال تک محدود نہیں بلکہ یہ سرکاری نظام میں شفافیت، تیز رفتاری اور جوابدہی کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ عوام کو بھی بروقت اور معیاری خدمات فراہم کی جا سکتی ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے مزید ہدایت کی کہ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور تعاون یقینی بنایا جائے تاکہ اصلاحاتی اقدامات مقررہ اہداف کے مطابق آگے بڑھ سکیں۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے صوبائی انتظامی نظام کو زیادہ شفاف، فعال اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جائے گا۔