باجوڑ میں سکیورٹی ہائی الرٹ، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت

باجوڑ میں سکیورٹی ہائی الرٹ، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت

Oct 27, 2026|ویب ڈیسک

باجوڑ ( اباسین خبر) ضلع باجوڑ میں امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ اہم شاہراہوں، بازاروں، حساس مقامات اور داخلی و خارجی راستوں پر سنیپ چیکنگ سخت کر دی گئی ہے۔پولیس نے مشکوک افراد، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نگرانی بھی بڑھا دی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ اقدامات ڈی آئی جی مالاکنڈ ڈویژن زاہد نواز کے خصوصی احکامات اور ڈی پی او باجوڑ خان زیب مہمند کی ہدایات پر کیے گئے ہیں۔پولیس افسران اور اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران مکمل چوکس رہنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مستعدی سے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ضلع کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندیاں قائم کی گئی ہیں، جہاں مشکوک افراد اور گاڑیوں کی تلاشی کے ساتھ شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی کی جا رہی ہے۔اہم شاہراہوں، بازاروں اور حساس مقامات پر سکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی اور جرائم کی روک تھام کے لیے فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ڈی پی او باجوڑ خان زیب مہمند نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور عوام کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے پر زور دیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔باجوڑ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سنیپ چیکنگ کے دوران اہلکاروں سے تعاون کریں اور اپنے شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں۔ شہریوں کو کسی بھی مشکوک شخص، گاڑی یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔