فلموں سے متاثر طالب علم کروڑوں کی بینک ڈکیتی میں گرفتار ہوگئے
کوئٹہ ( اباسین خبر) بلوچستان میں ڈیڑھ سال قبل ہونے والی 200 کروڑ روپے سے زائد کی بینک ڈکیتی کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث پانچ میں سے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں یونیورسٹی کے طالب علم بھی شامل ہیں، جو فلمیں دیکھ کر دولت مند بننے کے خواب میں ڈاکو بن گئے تھے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت زوہیب، غلام مرتضیٰ اور بلال اکرم کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق ضلع قلات سے ہے۔ زوہیب خود کو منی ہائیسٹ فلم کا پروفیسر سمجھتا تھا۔پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر ڈکیتی کی رقم سے خریدی گئی 2 گاڑیاں، ایک موٹر سائیکل اور رکشہ برآمد کرلیا ہے، جبکہ واردات کی رقم سے خریدے گئے موبائل فونز بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔ واقعے میں ملوث مزید 2 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔تفتیشی حکام کے مطابق زوہیب اور غلام مرتضیٰ یونیورسٹی کے چوتھے سمسٹر کے طالب علم تھے، جبکہ بلال اکرم نے 2025 میں یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کی تھی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ او یار محمد بھی زخمی ہوئے تھے۔ گرفتار تینوں ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد جیل منتقل کردیا گیا ہے۔