پنجابی فلم ’’عاشق رنگ رنگیلے‘‘ کا لاہور میں شاندار پریمیئر، فنکاروں کی شرکت

پنجابی فلم ’’عاشق رنگ رنگیلے‘‘ کا لاہور میں شاندار پریمیئر، فنکاروں کی شرکت

Nov 7, 2026|ویب ڈیسک

لاہور (شوبز ڈیسک) محبت، مزاح، موسیقی اور ایکشن کے حسین امتزاج پر مبنی پنجابی فلم ’’عاشق رنگ رنگیلے‘‘ کی افتتاحی تقریب لاہور کے مقامی سینما گھر میں منعقد ہوئی، جس میں شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں ملک ریاض، ندیم چیمہ، آئی ایم جی سی کے ڈائریکٹر عابد شیخ، گوشی خان سمیت فلم کی کاسٹ، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز، مصنفین اور دیگر معروف شخصیات نے شرکت کی۔ ریاض ملک کے ادارے ماں پروڈکشن کے تحت تیار ہونے والی فلم کے افتتاحی شو کے موقع پر شاندار سرخ قالین تقریب بھی سجائی گئی۔فلم کی ہدایت کاری ریاض ملک نے کی ہے، جبکہ اداکاری کے میدان میں عباس اشرف، بشریٰ گلفام، ہنی شہزادی، افتخار ٹھاکر، قیصر پیا اور وکی کوڈو سمیت دیگر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔یہ فلم محبت پر مبنی مزاحیہ اور موسیقی سے مزین کہانی ہے، جس میں رومانس، جذبات، مزاح اور ایکشن کو یکجا کیا گیا ہے۔ کہانی میں بیٹی کی بے مثال محبت اور مضبوط جذباتی رشتے کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔دلچسپ مکالموں، خوبصورت موسیقی اور معروف فنکاروں کی اداکاری سے آراستہ اس فلم سے شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کرنے کی توقع ہے۔تقریب میں شریک فلم بینوں نے فلم کی کہانی، فنکاروں کی اداکاری اور پیشکش کو سراہتے ہوئے اسے پنجابی سینما کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔فلمی حلقوں کے مطابق پاکستانی سینما کو اس وقت ایسی معیاری اور عوامی دلچسپی کی حامل فلموں کی ضرورت ہے جو شائقین کو دوبارہ سینما گھروں کی طرف راغب کر سکیں۔ ’’عاشق رنگ رنگیلے‘‘ میں مزاح، موسیقی، محبت اور معروف فنکاروں کی پرفارمنس جیسے عناصر اسے ناظرین کی توجہ کا مرکز بنا سکتے ہیں۔