سعود شکیل نے ٹیسٹ کرکٹ میں سینئر کھلاڑیوں کو بھی کارکردگی بہتر بنانے کا پیغام دے دیا

سعود شکیل نے ٹیسٹ کرکٹ میں سینئر کھلاڑیوں کو بھی کارکردگی بہتر بنانے کا پیغام دے دیا

Nov 7, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی کے تسلسل کی ذمہ داری صرف نوجوان کھلاڑیوں پر نہیں بلکہ سینئر کھلاڑیوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعود شکیل نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اہم ٹیسٹ سیریز ہونے جا رہی ہے، قومی ٹیسٹ ٹیم نئے اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع ہے، جبکہ نومبر کے مہینے میں راولپنڈی کا موسم ٹیسٹ کرکٹ کے لیے انتہائی موزوں ہے۔نائب کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی کا تسلسل برقرار نہ رہنا ایک اہم مسئلہ ہے اور اس حوالے سے سینئر کھلاڑیوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔سعود شکیل نے بتایا کہ دورۂ انگلینڈ کے دوران ان کی بیٹنگ میں ردھم واپس آیا، وہ اپنی انفرادی کارکردگی میں بہتری سے مطمئن ہیں اور قائداعظم ٹرافی میں بھی ان کی کارکردگی اچھی رہی۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم بعض اوقات تیز گیند بازوں کے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے، تاہم اگر کوئی بلے باز وکٹ پر قدم جما لے تو اس کے لیے شاٹس کھیلنا آسان ہو جاتا ہے۔ اس میدان میں سنچری بنانے کی وجہ سے ان کی کئی یادیں بھی وابستہ ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ 9 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 نومبر سے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔