پنڈی ٹیسٹ سے قبل پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کی تیاریاں عروج پر

پنڈی ٹیسٹ سے قبل پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کی تیاریاں عروج پر

Nov 7, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں نے پنڈی ٹیسٹ سیریز کے لیے تیاریاں تیز کر دی ہیں، قومی کھلاڑیوں نے اسلام آباد کلب میں بھرپور تربیتی مشقیں کیں۔پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں سلمان علی آغا، سعود شکیل، محمد عباس، رضا اللہ اور عرفات منہاس نے تربیتی سیشن میں حصہ لیا، جہاں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کی گئیں۔سری لنکا کے خلاف پریکٹس میچ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے علاوہ قائداعظم ٹرافی میں شرکت کرنے والے بابر اعظم اور غازی غوری نے بھی قومی اسکواڈ کو جوائن کر لیا ہے۔ دونوں کھلاڑی ہفتے سے ٹیم کے دیگر ارکان کے ساتھ تربیت میں حصہ لیں گے۔ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ میں شکست کے بعد ٹیسٹ اسکواڈ میں فاسٹ بولرز عبید شاہ، ثاقب خان، طیب عارف اور علی شبیر کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ پیر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔