بالی ووڈ کے آخری سپر اسٹارز موجودہ سینئر اداکار ہیں، فرح خان
ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف فلمساز اور کوریوگرافر فرح خان نے نئی نسل کے اداکاروں میں خود اعتمادی کی کمی اور غیر ضروری مداخلت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری میں سپر اسٹارز کا دور اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق فرح خان کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان، سلمان خان، امیتابھ بچن، عامر خان اور اکشے کمار بالی ووڈ کے آخری سپر اسٹارز ہیں، ان کے بعد یہ سنہری دور ختم ہو جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ آج کے نئے اداکار فلم کی ہدایت کاری، کوریوگرافی، موسیقی اور کاسٹنگ جیسے معاملات میں بلاوجہ دخل دیتے ہیں، حتیٰ کہ بعض اداکار سیٹ پر اپنے مکالمے بھی یاد کرکے نہیں آتے۔فرح خان کے مطابق شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، سلمان خان اور اکشے کمار جیسے سینئر فنکار ہمیشہ ہدایت کار کی صلاحیتوں اور فلم سازی کے فیصلوں پر اعتماد کرتے رہے ہیں۔انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان نے فلم ’میں ہوں ناں‘ میں سشمیتا سین اور ’اوم شانتی اوم‘ میں دیپیکا پڈوکون کی کاسٹنگ کا فیصلہ ہدایت کار پر چھوڑ دیا تھا اور اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔فرح خان کا کہنا تھا کہ پرانے سپر اسٹارز آج بھی اپنی پہلی فلم جیسی محنت کرتے ہیں۔ سلمان خان نے کبھی اتوار کو شوٹنگ سے انکار نہیں کیا اور نہ ہی کام سے چھٹی مانگی۔اس کے برعکس نئے اداکار سیٹ پر پہنچ کر اسکرپٹ اور مناظر تبدیل کرنے کے مطالبات کرتے ہیں، جبکہ ان کی توجہ معیاری فلموں کے بجائے رسائل کے سرورق اور ایوارڈ تقریبات پر زیادہ ہوتی ہے۔ ان کے بقول کئی نئے فنکاروں کے کریڈٹ پر قابلِ ذکر فلمیں بھی موجود نہیں۔