محمد شامی نے 13 سالہ ٹیسٹ کیریئر کو خیرباد کہہ دیا
نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک) بھارت کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد شامی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، تاہم وہ محدود اوورز کی کرکٹ میں بھارت کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔36 سالہ محمد شامی نے جمعے کے روز سماجی رابطے کے پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے 13 سالہ ٹیسٹ کیریئر کے اختتام کا اعلان کیا۔محمد شامی نے نومبر 2013 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔ اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں انہوں نے 118 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کی تھیں اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔انہوں نے بھارت کی جانب سے 64 ٹیسٹ میچوں میں حصہ لیا اور 27.71 کی اوسط سے مجموعی طور پر 229 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ بھارتی کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین تیز گیند بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔اپنے الوداعی پیغام میں شامی نے کہا کہ 13 سالہ کرکٹ سفر کے دوران انہیں کئی نشیب و فراز، انجریز اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے ہر مرتبہ حوصلے اور عزم کے ساتھ میدان میں واپسی کی۔انہوں نے اپنے کوچز، تربیت کاروں، طبی ماہرین اور مداحوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام افراد کی حمایت ان کے کرکٹ سفر میں انتہائی اہم رہی۔محمد شامی نے واضح کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کے باوجود وہ محدود اوورز کے بین الاقوامی مقابلوں، انڈین پریمیئر لیگ اور ملکی سطح کی کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔واضح رہے کہ ان کا آخری ٹیسٹ میچ 2023 میں عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل تھا، جبکہ انہوں نے آخری مرتبہ مارچ 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔