پشاور میں 60 سے زائد سرکاری گھروں پر غیر قانونی قبضے بے نقاب

پشاور میں 60 سے زائد سرکاری گھروں پر غیر قانونی قبضے بے نقاب

Nov 7, 2026|ویب ڈیسک

پشاور ( اباسین خبر) خیبرپختونخوا میں سرکاری اراضی اور رہائشی عمارتوں پر سرکاری اہلکاروں سمیت غیر مجاز افراد کے قبضوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ورکرز ویلفیئر بورڈ کی پشاور میں قائم رہائشی کالونی کے 60 سے زائد سرکاری مکانات پر غیر متعلقہ افراد قابض پائے گئے، جن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گھروں کو سیل کر دیا گیا۔دستیاب دستاویزات کے مطابق 300 مکانات پر مشتمل اس رہائشی کالونی میں 60 سے زائد گھر غیر مجاز افراد کے زیر استعمال تھے، جبکہ وہاں 170 سے زائد تجاوزات بھی قائم کی گئی تھیں۔ حکام نے تجاوزات ختم کرنے کے لیے قابضین کو 2 دن کی مہلت دیتے ہوئے نوٹس جاری کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق سرکاری رہائش گاہوں پر محکمہ اعلیٰ تعلیم، چیف سیکرٹری آفس اور دیگر سرکاری محکموں کے اہلکار بھی قابض تھے۔ سرکاری املاک پر غیر قانونی قبضوں کا معاملہ صرف رہائشی مکانات تک محدود نہیں بلکہ سرکاری دکانوں پر بھی ناجائز قبضوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ کے مطابق خیبرپختونخوا میں بورڈ کی مجموعی طور پر 35 رہائشی کالونیاں قائم ہیں، جہاں سے غیر قانونی تجاوزات ختم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ورکرز ویلفیئر بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ تمام رہائشی کالونیوں کو تجاوزات سے پاک کیا جا رہا ہے اور سرکاری مکانات غیر مجاز قابضین سے خالی کرائے جا رہے ہیں۔