اسلام آباد( اباسین خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے صنعت و حرفت کا فروغ اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے۔وزیراعظم کی زیر صدارت سرمایہ کاری میں اضافے، معاشی ترقی اور مختلف شعبہ جاتی اصلاحات سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں معاشی پالیسیوں اور جاری اصلاحاتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صنعتی پیداوار میں اضافہ، برآمدات کا فروغ اور مؤثر پالیسی سازی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات کو طویل المدتی ترقی اور عوامی فلاح کے اصولوں کے مطابق ترتیب دیا جانا چاہیے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مستقبل کی توانائی ضروریات کو متبادل ذرائع سے پورا کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر کام جاری ہے۔ انہوں نے الیکٹرک وہیکلز پالیسی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ توانائی کی بچت اور سستی ٹرانسپورٹ کے لیے جدید اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو مختلف شعبوں میں شامل کرنے کے لیے تمام وزارتوں اور ماہرین کے درمیان مؤثر مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام اصلاحات اور پالیسی اقدامات میں شفافیت اور بہتر کارکردگی کو اولین ترجیح دی جائے، جبکہ تمام وزارتیں باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کی جانب سے زیر غور مختلف پالیسی تجاویز پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت دیگر وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
معیشت کی بہتری کے لیے شعبہ جاتی اصلاحات ناگزیر ہیں، وزیراعظم
1 گھنٹے قبل