پشاور سیف سٹی سسٹم میں ڈرون ٹیکنالوجی شامل، فضائی نگرانی ممکن
پشاور ( اباسین خبر) پشاور سیف سٹی سسٹم کو ڈرون اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی سے منسلک کردیا گیا ہے، جس کے بعد شہر کی زمینی نگرانی کے ساتھ فضائی نگرانی بھی ممکن ہوگئی ہے۔اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار سیف سٹی نظام کے تحت ڈرون مانیٹرنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے صوبے بھر میں پولیس ڈرون کیمروں کی نگرانی کی جاسکے گی۔جدید اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی 5 کلومیٹر تک کے علاقے کا احاطہ کرنے اور دہشتگردی میں استعمال ہونے والے کواڈ کاپٹرز کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔دوسری جانب خیبر پختونخوا پولیس کو 10 جدید ایمبولینسز اور 8 بکتر بند گاڑیاں بھی فراہم کی گئی ہیں، جن میں 6 ضرب حیدر اور 2 ڈریگون کلاس اے پی سیز شامل ہیں۔یہ گاڑیاں مختلف اضلاع کے پولیس افسران کے حوالے کردی گئی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد پولیس کی آپریشنل صلاحیت بڑھانا، اہلکاروں کا تحفظ یقینی بنانا اور دہشتگردی کے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنا ہے۔