ملکی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، فیصل کریم کنڈی
پشاور ( اباسین خبر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کسی کو بھی پاکستانی عوام کو دھمکانے اور ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے لوئر جنوبی وزیرستان میں شہری گھروں اور انگور اڈہ بازار پر افغان طالبان رجیم کی مبینہ بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی اور بازار کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے فوری، بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے پر پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کسی خوش فہمی میں نہ رہے، پاکستان اپنے عوام پر حملے اور ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔ خیبرپختونخوا نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔گورنر کے پی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور عزم اور ثابت قدمی سے جواب دیا جائے گا۔ وطن عزیز کے ایک ایک انچ کے دفاع کیلئے مسلح افواج کو پوری قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی دھمکی یا بزدلانہ کارروائی پاکستان کے دفاع کے قومی عزم کو کمزور نہیں کرسکتی اور ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔