اسٹاک مارکیٹ میں مندی، سرمایہ کاروں کے 68 ارب روپے ڈوب گئے
کراچی (کامرس ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز کاروبار منفی رجحان کا شکار رہا، جہاں فروخت کے دباؤ کے باعث بینچ مارک انڈیکس میں 665 پوائنٹس سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سرمایہ کاروں کے 68 ارب روپے ڈوب گئے۔کاروباری سیشن کے بیشتر حصے میں مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی۔ کاروبار کے آغاز پر کے ایس ای 100 انڈیکس 179,450 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچا، تاہم تیزی برقرار نہ رہ سکی اور انڈیکس منفی زون میں چلا گیا۔ دورانِ کاروبار انڈیکس 177,371.14 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی پہنچا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 665.22 پوائنٹس کی کمی کے بعد 177,517.73 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ملک میں سیاسی کشمکش میں اضافے کے باعث سرمایہ کار محتاط رہے، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں خریداری کا رجحان کمزور پڑ گیا۔حصص بازار میں کاروباری سرگرمیاں بھی محدود رہیں اور 27 اکتوبر کے بعد کاروبار کی مالیت کم ترین سطح پر آگئی۔ مجموعی طور پر 498 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، جبکہ 83 کروڑ شیئرز کے سودے 20 ارب روپے میں طے پائے۔مندی کے باعث اسٹاک مارکیٹ کی مجموعی مالیت میں 68 ارب روپے کی کمی ہوئی اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن گھٹ کر 19 ہزار 290 ارب روپے رہ گئی۔