بلوچستان کے 18 نوجوان انجینئرز کی بیرونِ ملک تربیت مکمل
کوئٹہ( اباسین خبر) صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 18 نوجوان انجینئرز نے ارجنٹائن اور زیمبیا میں عالمی معیار کی تکنیکی تربیت کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔ تربیت حاصل کرنے والے اس وفد میں 4 خواتین انجینئرز بھی شامل ہیں۔انٹرنیشنل گریجویٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کے شرکاء نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان 18 انجینئرز کا انتخاب 3 ہزار سے زائد درخواستوں میں سے خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا، جنہیں بیرونِ ملک کانوں میں جدید اور عالمی معیار کی تکنیکی مہارتیں فراہم کی گئی ہیں۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ صوبے کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان انجینئرز کی یہ کامیابی بلوچستان کے روشن مستقبل کی عکاس ہے اور یہ تربیت یافتہ نوجوان ریکوڈک منصوبے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔