پیپلز پارٹی قومی و صوبائی اسمبلیوں میں پی ٹی آئی کی نشستیں واپس کرے: بیرسٹر گوہر

پیپلز پارٹی قومی و صوبائی اسمبلیوں میں پی ٹی آئی کی نشستیں واپس کرے: بیرسٹر گوہر

Nov 19, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( اباسین خبر) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے پاکستان پیپلز پارٹی سے قومی اسمبلی، سندھ اسمبلی اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کی نشستیں واپس کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم تمام فریقین سے کہتے ہیں کہ آئیں عدلیہ اور الیکشن کمیشن کو آزاد کریں تاکہ ہمیشہ کے لیے ووٹ کا تقدس پامال ہونے سے بچایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں بہترین نظام ہوگا تو عوام کو خوشحالی ملے گی، معیشت مضبوط ہوگی اور سیاسی استحکام آئے گا، لیکن اگر ذاتی مفادات کو ترجیح دی گئی تو نہ ملک میں سیاسی استحکام آ سکے گا اور نہ ہی عوام خوشحال ہوں گے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف مقدمات بے بنیاد اور سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے ہیں، اور اب ہمارے سیاسی مخالفین بھی تسلیم کر رہے ہیں کہ عمران خان ایک سیاسی قیدی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مقدمات میں رات کی تاریکی میں بند دروازوں کے پیچھے سزائیں سنائی گئیں، لہٰذا عدالت سے درخواست ہے کہ دن کی روشنی میں کھلی عدالت میں ہمارا مؤقف سنا جائے۔نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ معاملہ ابھی قبل از وقت ہے اور اس کے خدوخال سامنے نہیں آئے کہ کتنے صوبے، کس حالت میں اور کہاں کہاں بنیں گے۔ انہوں نے اسے ایک سنجیدہ مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں سیاست کے بجائے عوامی احساسات کو مدنظر رکھنا چاہیے، اس معاملے پر مشاورت کے بعد رائے اس وقت دی جائے گی جب کوئی باقاعدہ مسودہ سامنے آئے گا، جبکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اپنا لائحہ عمل پیش کریں گے۔بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی صحت پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط کو 72 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے، اس میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور اس خط کو بطور درخواست سماعت کے لیے مقرر کرکے انہیں ریلیف فراہم کیا جائے۔