آئی سی سی نے بھارتی بولر گرنور برار کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا
دبئی (سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی فاسٹ بولر گرنور برار کو ضابطہ اخلاق کی لیول ون خلاف ورزی پر سزا دیتے ہوئے ان کے تادیبی ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کردیا ہے۔گرنور برار نے 13 نومبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ون ڈے سیریز کے چوتھے مقابلے میں ماؤنٹ مانگانوئی کے بے اوول گراؤنڈ پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔آئی سی سی کے مطابق بھارتی بولر ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.5 کے مرتکب پائے گئے، جس کا تعلق آؤٹ ہونے والے بیٹر کے لیے توہین آمیز زبان، حرکات یا اشاروں کے استعمال سے ہے، جن کے باعث بیٹر کی جانب سے جارحانہ ردعمل سامنے آسکتا ہو۔یہ واقعہ نیوزی لینڈ کی اننگز کے 12ویں اوور میں پیش آیا، جب ٹم سیفرٹ کو آؤٹ کرنے کے بعد گرنور برار نے جارحانہ انداز میں جشن منایا، جسے بیٹر کے لیے توہین آمیز قرار دیا گیا۔بھارتی فاسٹ بولر کی سرزنش بھی کی گئی۔ یہ گزشتہ 24 ماہ کے دوران ان کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی دوسری خلاف ورزی تھی۔گرنور برار نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے آئی سی سی کے میچ ریفریز کے بین الاقوامی پینل کے رکن رنجن مدوگالے کی تجویز کردہ سزا قبول کرلی، جس کے بعد باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔