دہشت گرد تنظیموں کی پرواہ نہیں کی، کسی سردار سے خوفزدہ نہیں ہوں گے: سرفراز بگٹی

دہشت گرد تنظیموں کی پرواہ نہیں کی، کسی سردار سے خوفزدہ نہیں ہوں گے: سرفراز بگٹی

Nov 19, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ( اباسین خبر) وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ وہ کسی رکنِ اسمبلی کے انٹرویو کا جواب نہیں دینا چاہتے، ہم نے دہشت گرد تنظیموں کی پرواہ نہیں کی تو کسی سردار سے بھی خوفزدہ نہیں ہوں گے۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سرفراز بگٹی نے خاتون رکنِ اسمبلی اور اپنی بہن سے متعلق دیے گئے ریمارکس کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ہماری اسمبلی کی روایات کو پامال کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری تربیت ایسی نہیں کہ خواتین کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کریں، اور میں ایسی اسمبلی میں بیٹھنے پر شرمندہ ہوں جہاں اس قسم کا رویہ رکھنے والے اراکین موجود ہوں۔اس موقع پر رکنِ اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کا احترام، مہمان نوازی اور بہادری بنیادی روایات ہیں، جبکہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کے سپاہی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے کردار کے حوالے سے کی جانے والی باتوں کا معاملہ اللہ پر چھوڑتی ہوں۔اجلاس کے دوران رکنِ اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے عوامی مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گیس پریشر میں کمی، بھاری بلوں اور بجلی کی بندش کے باعث شہری شدید پریشان ہیں، ہمیں احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے بصورتِ دیگر کیسکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفاتر کے سامنے دھرنا دیں گے۔اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کیسکو چیف اور سوئی سدرن گیس کے حکام کو طلب کر لیا، جبکہ بعد ازاں اسمبلی کا اجلاس 20 نومبر سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔