فیلڈ مارشل کا دورہ بلوچستان، دفاع وطن کے عزم کو سراہا

فیلڈ مارشل کا دورہ بلوچستان، دفاع وطن کے عزم کو سراہا

Nov 19, 2026|ویب ڈیسک

تربت( اباسین خبر) آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورہ بلوچستان کے دوران مشکل آپریشنل حالات کے باوجود پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے مادرِ وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کو سراہا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تربت میں شہداء کی یادگار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس موقع پر فیلڈ مارشل کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب کارروائیوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں انہیں بلوچستان میں جاری مختلف سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کٹھن آپریشنل حالات کے باوجود ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور وطن کے دفاع کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے مسلسل حصول کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے پاک فوج کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔