بال ٹیمپرنگ اسکینڈل: بینکرافٹ کا آسٹریلوی ٹیم سے متعلق اہم انکشاف
سڈنی (سپورٹس ڈیسک) بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں سزا پانے والے آسٹریلوی کرکٹر کیمرون بینکرافٹ نے انکشاف کیا ہے کہ اس معاملے پر مکمل سچ سامنے نہیں لایا گیا تھا اور تحقیقات کے دوران کرکٹ آسٹریلیا کو بھی تمام حقائق سے آگاہ نہیں کیا گیا۔کیمرون بینکرافٹ کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے قبل گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیوڈ وارنر نے پورٹ الزبتھ ٹیسٹ کے دوران گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔بینکرافٹ نے دعویٰ کیا کہ آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑی سینڈ پیپر کے استعمال سے آگاہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں اس حوالے سے درست تفصیلات بیان کی ہیں، جبکہ پیٹ کمنز کی پریس کانفرنس کے بعد انہیں تمام واقعات تحریر کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی۔آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ پیٹ کمنز کے بیان پر انہیں شدید غصہ اور مایوسی ہوئی اور وہ خود کو تنہا محسوس کرنے لگے۔ ان کے مطابق پیٹ کمنز نے جنوبی افریقا میں پیش آنے والے واقعات سے متعلق درست مؤقف پیش نہیں کیا۔کیمرون بینکرافٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر خاموشی توڑنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ وہ خود کو تنہا اور دھوکا کھایا ہوا محسوس کر رہے تھے۔واضح رہے کہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں کیمرون بینکرافٹ کو 9 ماہ کی معطلی کی سزا سنائی گئی تھی۔